ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کا آبروریزی کے ملزم طالب علم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کا آبروریزی کے ملزم طالب علم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

Mon, 22 Aug 2016 21:31:50    S.O. News Service

نئی دہلی، 22؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جنسی استحصال کرنے کے الزام میں ایک طالب علم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے جے این یو اسٹوڈنٹ یونین نے آج یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا رخ کیا۔جے این یو کی 28سالہ طالبہ نے کل دہلی پولیس سے رابطہ کیا اور بائیں بازو سے وابستہ آل انڈیا اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن(آئیسا )کے ایک کارکن کے خلاف یونیورسٹی کے کیمپس میں ہاسٹل کے کمرے میں اپنے ساتھ آبروریزی کرنے کا الزام لگایا۔پی ایچ ڈی کی طالبہ نے الزام لگایا کہ اسے جس کاپی کی ضرورت تھی، پی ایچ ڈی طالب علم انمول رتن وہ کاپی دینے کے لیے ہاسٹل کے اپنے کمرے میں لے گیا اور نشہ آور مشروبات پلایا۔اس نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ بے ہوش ہو گئی تو اس نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی، اس نے دھمکی بھی دی اور کسی سے نہیں بتانے کو کہا۔واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئیسا نے کل انمول کو پارٹی سے نکال دیا، جس سے اس کی ابتدائی رکنیت بھی منسوخ ہو گئی۔جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیاکہ ہم واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہیں اور معاملہ میں فوری کارروائی کی اپیل کرتے ہیں، چونکہ پولس میں شکایت درج کرائی گئی ہے، اس لیے ہم پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انصاف کو یقینی بنانے اور بلا تاخیر ملزم کی گرفتاری کے لیے ضروری قدم اٹھائے جائیں ۔ساتھ ہی یونیورسٹی کو ملزم طالب علم کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے ۔بہر حال، شکایت کنندہ نے بیمار ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے مجسٹریٹ کے سامنے اپنا بیان درج نہیں کرایا۔جنوب مشرقی رینج کے جوائنٹ پولیس کمشنر آر پی اپادھیائے نے کہاکہ متاثرہ کو سی آر پی سی کی دفعہ 164کے تحت اس کا بیان درج کرانے کے لیے مجسٹریٹ کے پاس لے جایا گیا، لیکن اس نے بیمار ہونے کی بات کہی جس کی وجہ سے اسے آگے ٹال دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کل بیان درج کرانے کی امید ہے۔


Share: